ماسکو:(شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں دوسرا عالمی ڈیجیٹل فورم شروع ہو گیا ہے۔ تین روزہ فورم 10 اکتوبر تک گورکی پارک کے ملٹی فنکشنل کمپلیکس “میچتا” میں جاری رہے گا۔
فورم میں 120 ممالک کے 760 نمائندے حصہ لے رہے ہیں، جن میں افریقہ، ایشیا، خلیجی خطے، یورپ اور لاطینی امریکا کے نائب وزرائے اعظم، ڈیجیٹل ترقی کے وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام، سفارت کار، آئی ٹی کمپنیوں کے سربراہان، ماہرین، محققین اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔
افتتاحی روز مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل خودمختاری، سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے اور عالمی تعاون پر مختلف اجلاس منعقد ہوئے۔ اعلیٰ سطحی مرکزی اجلاس میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی مسابقت اور اس کے محفوظ استعمال کے لیے مشترکہ بین الاقوامی اصولوں کی ضرورت پر غور کیا گیا۔
شرکا ڈیجیٹل تبدیلی کے عالمی رجحانات، قومی ڈیجیٹل نظاموں میں جدید مصنوعات کے انضمام اور مختلف ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
فورم میں سرکاری اور نجی شعبے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، پیشہ ورانہ تنظیموں اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔
تین روزہ پروگرام میں تقریباً 60 اجلاس، مذاکرے، ورکشاپس، تعلیمی پروگرام اور انٹرایکٹو سرگرمیاں شامل ہیں۔ اہم موضوعات میں قومی ڈیجیٹل حکمت عملی، علمی معیشت، تخلیقی صنعتوں کا ڈیجیٹل مستقبل، سمارٹ شہر، ڈیجیٹل صحت اور نئے مواد کی منڈیوں کے لیے مصنوعی ذہانت کے مواقع شامل ہیں۔

فورم میں آئی ٹی صحافت اور بلاگرز کے لیے خصوصی تعلیمی پروگرام بھی رکھے گئے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت سے مواد کی تیاری، فیکٹ چیکنگ، غلط معلومات کی نشاندہی، سوشل انجینئرنگ اور جدید میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔
عالمی ڈیجیٹل فورم کے دوران افریقی ممالک کی ڈیجیٹل خودمختاری کے اتحاد اور بچوں کو آن لائن خطرات سے بچانے کے عالمی اتحاد کا بھی تعارف کرایا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق فورم کے اختتام تک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون کے مختلف شعبوں میں 100 سے زائد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔
دوسرا عالمی ڈیجیٹل فورم روسی حکومت، روسی وزارت ڈیجیٹل ترقی اور وزارت خارجہ کی معاونت سے منعقد ہو رہا ہے۔ ماسکو حکومت، پی ایس بی بینک، اے سیون، وی کانٹاکتے، روسکوسموس، پازیٹو ٹیکنالوجیز اور روویکی سمیت متعدد روسی ادارے اس کے شراکت دار ہیں۔









