تہران:(وائس آف رشیا) ایرانی سپریم لیڈر کے عسکری مشیر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ رہبر انقلاب کی اجازت ملتے ہی میدانِ جنگ کی ضروریات کے مطابق ایرانی ہتھیاروں کی طاقت اور رینج میں اضافہ کردیا جائے گا۔
جنرل محمد رضا نقدی کے مطابق ایران میں ہتھیار ملکی سطح پر تیار کیے جاتے ہیں اور ان کی محدود رینج کسی تکنیکی رکاوٹ کے باعث نہیں بلکہ پالیسی کے تحت ہے۔ ہتھیاروں کی رینج کا تعین ملکی ضروریات اور رہبر انقلاب کی ہدایات کے مطابق کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہتھیاروں کی طاقت اور مار کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایرانی جنرل نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز بند ہے اور مسلح افواج کا اس پر مکمل کنٹرول ہے۔
جنرل محمد رضا نقدی کے مطابق آبنائے ہرمز سے اسمگل ہونے والے تیل کی مقدار بہت کم ہے، جبکہ چھوٹے بحری جہازوں کے ذریعے تیل ٹینکروں تک منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں تیل کی غیرقانونی منتقلی کے لیے بنائے گئے راستے جلد بند کردیئے جائیں گے۔ ان کے بقول چٹانیں توڑ کر بنائے گئے غیرقانونی راستوں کو بند کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔









