اہم فیصلے کا وقت آچکا، خیبر پختونخوا کو نااہل حکمرانوں پر نہیں چھوڑ سکتے: خواجہ آصف

اسلام آباد:(وائس آف رشیا) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اب اہم فیصلے کرنے کا وقت آ گیا ہے، صوبے کو نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں دہشت گردی سے مکمل طور پر لاتعلق اور مجرمانہ بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اب بس بہت ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نام نہاد ناکام سیاسی لانگ مارچ میں مصروف ہے تو دوسری طرف خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کی نئی لہر کا شکار ہیں، 6 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں نے 5 بے گناہ افراد کو قتل کر دیا جن میں 2 کسٹم اہلکار بھی شامل تھے۔

خواجہ آصف کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت پوری صوبائی کابینہ اس سنگین صورتحال سے بے نیاز ہو کر سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے قتل کی مذمت تک نہیں کی اور نہ ہی سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو گورنر کی سکیورٹی میٹنگ میں شرکت پر سرزنش کرنے کے لیے اجلاس طلب کیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبے کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ مختلف علاقوں میں صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا بہت خون بہایا جا چکا ہے، اب یہ صورتحال مزید برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر دہشت گردوں سے مبینہ ملی بھگت اور سہولت کاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران اس حوالے سے متعدد شواہد اور مثالیں سامنے آ چکی ہیں۔

خواجہ آصف نے مسلم لیگ ن کے دورِ اپوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نواز شریف اور ان کے خاندان سمیت مسلم لیگ ن کی قیادت قید رہی، تاہم مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ میں اپنا کردار آئینی ذمہ داری کے ساتھ ادا کیا اور عدالتوں و پارلیمنٹ میں قانونی و آئینی جنگ لڑی۔

انہوں نے کہا کہ اہم فیصلے کرنے کا وقت آ چکا ہے، خیبرپختونخوا کو مزید نااہل اور بے حس حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی وحدت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا اور ایک پورے صوبے کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں