میڈ اِن رشیا فورم میں پاکستانی تجارتی وفد کی بھرپور شرکت، پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری

وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کے آخر میں روس کا سرکاری دورہ کریں گے، دورے کا مقصد صرف معاہدوں پر دستخط نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان عملی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے، سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی

ماسکو (شاہد گھمن): روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ میڈ اِن رشیا انٹرنیشنل ایکسپورٹ فورم میں پاکستان کے ایک بڑے تجارتی وفد نے شرکت کی۔ فورم کے دوران حکومت ماسکو اور ماسکو ایکسپورٹ سینٹر کے زیر اہتمام ’’ماسکو اور گلوبل ساؤتھ: تیز رفتار ترقی کے لیے تجارتی تعاون‘‘ کے عنوان سے خصوصی پینل ڈسکشن منعقد ہوئی، جس میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، پاکستانی کاروباری شخصیات اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کو کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور عوام کے درمیان براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

سفیر پاکستان نے اپنے خطاب کا آغاز پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کے مشرق کے مستقبل سے متعلق افکار کے حوالے سے کیا اور کہا کہ پاکستان اور روس یوریشیائی خطے میں اہم شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان جغرافیائی قربت کے ساتھ مشترکہ اقدار بھی موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع ہوچکے ہیں، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ روس سے عملی نتائج کی توقع

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کے آخر میں روس کے سرکاری دورے پر آئیں گے اور یہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کسی پاکستانی وزیراعظم کا روس کا پہلا دورہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی تقریباً نصف گھنٹے ملاقات ہوئی تھی، جس میں وزیراعظم نے روس کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سفیر پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ دورۂ روس صرف مشترکہ تصاویر بنوانے، معاہدوں پر دستخط کرنے اور واپس چلے جانے تک محدود رہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان کمپنیوں کی سطح پر تعاون بڑھے، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں اور ثقافت، تعلیم اور کاروبار کے شعبوں میں براہ راست روابط کو فروغ ملے۔

پاکستان روس کے لیے اہم تجارتی اور علاقائی شراکت دار

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان تقریباً 26 کروڑ آبادی کا ملک ہے، جس کی 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا، مغربی ایشیا اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے اور اپنی جغرافیائی حیثیت کے باعث مختلف خطوں کو آپس میں ملانے والے قدرتی رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔

فیصل نیاز ترمذی کے مطابق پاکستان کے ذریعے علاقائی تجارتی راہداریوں اور مختلف منڈیوں تک رسائی کے مواقع موجود ہیں، جبکہ پاکستان اور اس کے گردونواح کی منڈیاں مجموعی طور پر تقریباً ایک ارب 40 کروڑ افراد پر مشتمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ پہلے سے قائم تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

سفیر پاکستان نے ماسکو کی ترقی اور خوبصورتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے 34 سالہ سفارتی کیریئر کے دوران انہوں نے دنیا کے آٹھ مختلف ممالک میں خدمات انجام دی ہیں، تاہم ماسکو ان کے نزدیک دنیا کے خوبصورت اور محفوظ ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے ماسکو کو ثقافت اور کاروباری مواقع کے اعتبار سے بھی دنیا کے اہم شہروں میں شمار کیا۔

آئی ٹی، صحت، سیاحت اور لاجسٹکس میں تعاون بڑھانے پر زور

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، سیاحت، ادویہ سازی اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس بنیادی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ مصنوعات کی پیداواری لاگت کے ساتھ ان کی نقل و حمل پر آنے والے اخراجات بھی تجارت پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

سفیر پاکستان کے مطابق روس اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے سیاحت کی اہم منڈیاں بھی بن سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسی روز صبح صحت کے شعبے سے متعلق ان کی دو ملاقاتیں ہوئی تھیں، جن میں روسی کمپنیوں نے پاکستان میں کام شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان جراحی آلات اور کھیلوں کی مصنوعات کی تیاری میں نمایاں صلاحیت رکھتا ہے اور ان شعبوں میں روس کے ساتھ تجربات اور کاروباری تعاون بڑھایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے پاکستانی افرادی قوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اور بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی مختلف ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔

سفیر پاکستان کے مطابق پاکستان روس کے ساتھ افرادی قوت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی شراکت داری قائم کرسکتا ہے۔

دنیا نیوز کے سوال پر سفیر پاکستان کا اہم انکشاف

پینل ڈسکشن کے دوران دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی سے سوال کیا کہ پاکستان اور روس دوطرفہ تجارت میں بینکاری، ادائیگیوں اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے آئندہ چھ ماہ میں کون سے عملی اقدامات کریں گے؟

سوال کے جواب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک نے تجارت بڑھانے کی راہ میں حائل تین بنیادی رکاوٹوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں ویزوں کے مسائل، ادائیگیوں کا طریقہ کار اور لاجسٹکس شامل ہیں۔

فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان جولائی میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جبکہ دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بینکاری اور تجارتی ادائیگیوں کے نظام سے متعلق انتہائی اعلیٰ سطح پر سنجیدہ مذاکرات ہورہے ہیں اور متعلقہ وزارتیں بھی اس سلسلے میں کام کررہی ہیں۔

سفیر پاکستان کے مطابق کوشش ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ روس سے پہلے ان مسائل کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود روس دوسرے ممالک کے ساتھ تجارتی ادائیگیوں کے متبادل انتظامات قائم کرنے میں کامیاب ہوا ہے اور پاکستان کو بھی اسی نوعیت کا طریقہ کار اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ اس وقت پاکستان اور روس کے درمیان بہت سی تجارتی ادائیگیاں تیسرے ممالک کے ذریعے کی جارہی ہیں، جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم تین سے چار ارب ڈالر ہونا چاہیے، تاہم موجودہ رکاوٹوں کے باعث صارفین اور مصنوعات تیار کرنے والوں کو نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ تیسرا اہم مسئلہ سامان کی نقل و حمل اور اس پر آنے والے اخراجات کا ہے، جس کے حل کے لیے بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ممکن ہے آئندہ چھ ماہ کے بجائے اگلے دو ہفتوں کے اندر ہی ان معاملات میں اہم پیش رفت کی خبریں سامنے آجائیں۔

پاکستانی تجارتی وفد کی روسی کاروباری اداروں سے براہ راست ملاقاتوں پر توجہ

پینل ڈسکشن سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے پاکستانی تجارتی وفد کے پرتپاک استقبال پر روسی میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے سب سے ضروری قدم دونوں ممالک کے کاروباری افراد کے درمیان براہ راست ملاقاتیں اور روابط بڑھانا ہے۔

ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ اس نوعیت کے کاروباری اجلاسوں کے ذریعے تجارتی تعاون کو وسعت دی جاسکتی ہے اور دونوں ممالک کی کمپنیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کے نئے مواقع مل سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے ایک بڑا تجارتی وفد ماسکو پہنچا ہے، جس میں مختلف کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں۔

ان کے مطابق پاکستانی وفد کو اگلے روز ماسکو کی بعض کمپنیوں کے دورے کا موقع بھی ملے گا۔

روسی کاروباری حلقوں کے ساتھ تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال

حکومت ماسکو اور ماسکو ایکسپورٹ سینٹر کے زیر اہتمام ہونے والی پینل ڈسکشن میں روسی اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے موضوع پر گفتگو کی۔

اجلاس میں ماسکو اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے درمیان اقتصادی روابط، کاروباری اداروں کے باہمی رابطوں اور تجارت کو وسعت دینے کے مواقع پر توجہ دی گئی۔

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے روسی کاروباری شخصیات اور ماسکو سمیت روس کے دیگر شہروں کی کمپنیوں کو پاکستان کے ساتھ تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی دعوت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں