یوکرینی فوج کا کریمیا پل پر حملہ، ٹریفک کی آمدورفت دوپہر تک محدود رکھنے کا اعلان

حملے کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کردیا گیا، کیرچ میں آپریشنل ہیڈکوارٹر قائم، صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کررہا ہوں، سربراہ کریمیا سرگئی اکسیونوف

ماسکو (وائس آف رشیا): روس کے زیر انتظام کریمیا کے سربراہ سرگئی اکسیونوف نے اعلان کیا ہے کہ یوکرینی فوج نے کریمیا پل پر حملہ کیا ہے، جس کے بعد پل پر گاڑیوں کی آمدورفت پیر کی دوپہر تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سرگئی اکسیونوف نے میسجنگ پلیٹ فارم میکس پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ یوکرینی فوج نے کریمیا پل کو نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث پل پر سڑک کے ذریعے آمدورفت تقریباً دوپہر 12 بجے تک محدود رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو متحرک کردیا گیا ہے، جبکہ کیرچ شہر میں ایک آپریشنل ہیڈکوارٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔

کریمیا کے سربراہ نے مزید بتایا کہ وہ صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔

دوسری جانب سیواستوپول کے گورنر میخائل رازوزہائیف نے کریمیا پل پر یوکرینی حملے کی کوشش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کریمیا کے سربراہ سرگئی اکسیونوف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بحیرہ اسود کے کنارے واقع روسی شہر سیواستوپول کے رہائشیوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کی۔ گورنر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ کم از کم دوپہر تک جزیرہ نما کریمیا سے باہر سفر کرنے کے اپنے منصوبوں میں ضروری تبدیلیاں کرلیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں