لوگانسک میں یوکرینی ڈرون حملوں سے ایک شہری ہلاک، تین زخمی

روبیژنویے میں دکان کے قریب ڈرون حملے سے 37 سالہ شخص ہلاک، تین اضلاع میں شہری سامان لے جانے والے ٹرکوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، لیونید پاسیچنک

لوگانسک (وائس آف رشیا): لوگانسک عوامی جمہوریہ (ایل پی آر) کے سربراہ لیونید پاسیچنک نے کہا ہے کہ علاقے میں یوکرینی فوج کے ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔

لیونید پاسیچنک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میکس پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ روبیژنویے شہر میں ایک دکان کے قریب یوکرینی ڈرون حملے میں 37 سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔

انہوں نے ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔

لوگانسک عوامی جمہوریہ کے سربراہ کے مطابق علاقے کے ستاروبیلسکی، ستانچنو لوگانسکی اور پیریوالسکی میونسپل اضلاع کی سڑکوں پر ٹرکوں کو بھی ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان ٹرکوں میں شہری استعمال کا سامان منتقل کیا جارہا تھا، جس میں اناج، روٹی اور تعمیراتی سامان شامل تھا۔

لیونید پاسیچنک کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں تین ٹرک ڈرائیور زخمی ہوگئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں