ماسکو: (شاہد گھمن) روسی دارالحکومت ماسکو کی سڑکیں ہزاروں موٹر سائیکل سواروں سے بھر گئیں، جہاں موٹر سائیکل سیزن کے اختتام پر 15ویں ماسکو موٹو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ بڑے پیمانے پر ہونے والی موٹر سائیکل ریلی، مہارت کے مظاہروں، مقابلوں اور موسیقی کی پرفارمنس نے تقریب کو شہریوں کے لیے بھی خصوصی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
ماسکو کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق 19 ستمبر کو منعقد ہونے والے فیسٹیول میں 20 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں نے شرکت کی۔ تقریب کے اہم حصے کے طور پر موٹر سائیکل سواروں نے ماسکو کی مشہور گارڈن رنگ روڈ پر اجتماعی ریلی نکالی، جبکہ 35 موٹر سائیکل کلبوں اور تنظیموں کے نمائندوں نے قافلے کی قیادت کی۔
ریلی کے دوران مختلف اقسام اور ماڈلز کی ہزاروں موٹر سائیکلیں ایک ساتھ ماسکو کی سڑکوں پر نظر آئیں۔ قافلے کے محفوظ گزرنے کے لیے گارڈن رنگ روڈ کے بیرونی حصے پر ٹریفک عارضی طور پر بند کی گئی، جسے موٹر سائیکل سواروں کے گزرنے کے بعد دوبارہ بحال کردیا گیا۔
فیسٹیول کی مرکزی سرگرمیاں اکیڈمیکا سخارووا ایونیو پر منعقد ہوئیں، جہاں موٹر سائیکلوں کے شوقین افراد اور شہریوں کے لیے تفریحی اور کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس سال تقریب کو روس میں عوام کی یکجہتی کے سال سے منسوب کیا گیا تھا۔
فیسٹیول کے دوران موٹر روڈیو اور فلیٹ ٹریک ریس میں موٹر سائیکل سواروں نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ شائقین کے لیے آگ کے کرتبوں پر مشتمل خصوصی شو بھی پیش کیا گیا، جبکہ موٹو لیڈی اور موٹو برات سمیت مختلف مقابلے منعقد ہوئے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک خوش نصیب شرکاء کو موٹر سائیکل بھی انعام میں دی گئی۔
تقریب میں موسیقی کو بھی خصوصی اہمیت حاصل رہی۔ مرکزی اسٹیج پر معروف روسی گلوکار موت (MOT) اور میوزک گروپ آئی اووا (IOWA) نے اپنے گیت پیش کیے۔ موسیقی، موٹر سائیکلوں کے مظاہروں اور مختلف تفریحی سرگرمیوں نے فیسٹیول کو پورے دن جاری رہنے والی بڑی عوامی تقریب میں تبدیل کردیا۔
ماسکو کے نائب میئر میکسم لیکسوتوف کے مطابق موٹو فیسٹیول نہ صرف موٹر سائیکل سواروں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے بلکہ سڑکوں پر ذمہ دارانہ رویے اور محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت اجاگر کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق ماسکو میں موٹر سائیکل سواروں کی تعداد اب ایک لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
ماسکو موٹو فیسٹیول دارالحکومت میں موٹر سائیکل سیزن کے آغاز اور اختتام کے موقع پر منعقد ہونے والی نمایاں تقریبات میں شمار ہوتا ہے۔ رواں سال سیزن کی اختتامی تقریب میں ہزاروں سواروں کی اجتماعی ریلی، موٹر اسپورٹس، کرتب اور موسیقی کی پرفارمنس نے ماسکو کی سڑکوں پر ایک منفرد منظر پیش کیا۔









