مغربی میڈیا ڈرون حملوں کے بے بنیاد الزامات سے روس کے خلاف اطلاعاتی کھیل کھیل رہا ہے، لاوروف

ماسکو:(وائس آف رشیا) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ یورپی ممالک میں نامعلوم ڈرونز کی موجودگی اور مبینہ حملوں کا الزام بغیر شواہد روس پر عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسے روس کے خلاف ’’اطلاعاتی کھیل‘‘ قرار دیا۔

بین الاقوامی فورم ’’ڈائیلاگ آن فیکس 4.0‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاوروف نے کہا کہ حالیہ عرصے میں مختلف یورپی ممالک میں مبینہ روسی ڈرونز کے نمودار ہونے اور مختلف تنصیبات کو نشانہ بنانے کا موضوع مغربی میڈیا میں بار بار پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ذرائع ابلاغ میں ان دنوں یہ موضوع مقبول ہوگیا ہے کہ روسی ڈرونز مبینہ طور پر یورپ کے کسی نہ کسی ملک میں ظاہر ہوکر مختلف تنصیبات پر حملے کر رہے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ ’’ہر مرتبہ بالآخر معلوم ہوتا ہے کہ یا تو وہ چیز ڈرون تھی ہی نہیں، یا وہ یوکرینی ڈرون تھا، یا پھر ایسا ڈرون تھا جس کے روس سے تعلق کی قطعی تصدیق نہیں ہوسکی۔‘‘

سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات کے پیچھے موجود اصل تفصیلات جاننے میں پھر کسی کو دلچسپی نہیں رہتی اور یہ معاملہ محض ’’اطلاعاتی کھیل کھیلنے‘‘ تک محدود ہو جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں