ماسکو:(وائس آف رشیا) روسی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دیمتری میدویدیف نے جرمنی کی موجودہ قیادت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ برلن دوسری عالمی جنگ کے نتائج کو فراموش کرتا دکھائی دے رہا ہے اور اس کی موجودہ پالیسی نازی دور کے طرز عمل کی یاد دلاتی ہے۔
دیمتری میدویدیف نے سائبیریا کے وفاقی ضلع کے دورے کے دوران روسی ٹی وی چینل آر ٹی کے سوالات کے جواب میں کہا کہ جرمنی کے حوالے سے حیران کن صورتحال سامنے آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ جرمن قیادت، وفاقی چانسلر اور ان کے متعدد ساتھی ایسی راہ پر گامزن ہیں جس میں دوسری عالمی جنگ کے نتائج کو فراموش کیا جا رہا ہے۔
میدویدیف کے مطابق کچھ عرصہ پہلے تک جرمنی کا رویہ مختلف تھا، لیکن اب موجودہ چانسلر اور ان کی ٹیم دراصل اپنے پیش روؤں کے افسوسناک راستے کو آگے بڑھا رہی ہے۔
روسی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین نے کہا کہ بعض لوگوں کے لیے یہ پیش رو ان کے رشتہ دار تھے اور بعض کے لیے شاید نظریاتی نمونے، جبکہ آج کی جرمن قیادت مختلف طریقوں سے روس کے خلاف محاذ آرائی کر رہی ہے۔
دیمتری میدویدیف نے جرمن حکام کے رویے کو “نیو نازی” طرز عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے جرمنی یہ حقیقت بھول رہا ہو کہ وہ دوسری عالمی جنگ میں شکست کھا چکا تھا۔
میدویدیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور جرمنی کے تعلقات مزید کشیدہ ہو رہے ہیں اور ماسکو جرمن حکومت کے حالیہ روس مخالف اقدامات پر سخت ردعمل کا عندیہ دے چکا ہے۔









