ماسکو(وائس آف رشیا): روسی دارالحکومت ماسکو پر گزشتہ شب ہونے والا یوکرینی ڈرون حملہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ہونے والے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
روسی نیوز ایجنسی تاس کی رپورٹ کے مطابق ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے بتایا کہ پیر کی شام ساڑھے آٹھ بجے سے منگل کی صبح ساڑھے چھ بجے تک 390 سے زائد ڈرونز نے ماسکو ریجن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
سرگئی سوبیانین کے مطابق زیادہ تر ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے شہر سے دور ہی تباہ کر دیا، جبکہ 81 ڈرونز کو ماسکو کی جانب بڑھتے ہوئے مار گرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ حملہ گزشتہ دو برسوں میں ماسکو پر ہونے والے سب سے بڑے ڈرون حملوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل 6 اور 7 جولائی کی درمیانی شب روسی حکام نے 430 سے زائد ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جن میں 36 ڈرونز ماسکو کے قریب مار گرائے گئے تھے۔
اسی طرح 19 اور 20 جولائی کے دوران 400 سے زائد ڈرونز ماسکو ریجن کی جانب آئے، جن میں سے 85 کو شہر کے قریب تباہ کیا گیا، جبکہ 17 اور 18 جولائی کی درمیانی شب 370 سے زائد ڈرونز کی پرواز کی اطلاع دی گئی تھی، جن میں 64 ڈرونز ماسکو کے قریب مار گرائے گئے تھے۔
میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق اس سے قبل 11 اور 12 جولائی کے دوران 300 سے زائد ڈرونز تباہ کیے گئے تھے، جبکہ 4 جولائی کو بھی 200 سے زائد ڈرونز نے ماسکو ریجن کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی یاد دلایا گیا ہے کہ 11 مارچ 2025 کو ماسکو پر ہونے والے بڑے ڈرون حملے کے دوران 74 ڈرونز کو دارالحکومت کے قریب مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جبکہ مجموعی طور پر مختلف دفاعی لائنوں پر سیکڑوں ڈرونز تباہ کیے گئے تھے۔









