اسلام آباد / ماسکو(وائس آف رشیا) حکومتِ پاکستان نے وزیرِاعظم شہباز شریف کا مجوزہ دورۂ روس منسوخ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ علاقائی سیکیورٹی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور متعدد فضائی حدود کی بندش کے باعث یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان نے ماسکو کو بتا دیا ہے کہ اس صورتِ حال میں دورہ ممکن نہیں.
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران-اسرائیل تنازع اور خطے میں فضائی روٹس کی معطلی کے باعث پاکستان سے ماسکو تک براہِ راست رسائی پیچیدہ ہو چکی تھی، جبکہ متبادل راستوں کے لیے طویل فضائی اجازتوں اور سیکیورٹی کلیئرنس درکار تھیں۔ انہی عوامل کے پیشِ نظر اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کو فی الحال منسوخ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران دو طرفہ ملاقاتیں، اقتصادی و تجارتی تعاون پر بات چیت اور اعلیٰ سطحی مشاورت طے تھی، تاہم بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور لاجسٹک مسائل کے باعث شیڈول برقرار رکھنا ممکن نہ رہا۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان سفارتی روابط معمول کے مطابق جاری رہیں گے
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال نے نہ صرف سفارتی سرگرمیوں بلکہ بین الاقوامی فضائی نقل و حرکت کو بھی متاثر کیا ہے، جس کے اثرات مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی دوروں پر پڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان حالیہ برسوں میں اقتصادی، توانائی اور علاقائی استحکام کے امور پر روابط میں تیزی آئی ہے، اور دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان کا دورہ روس 2 سے 5 مارچ شیڈول تھا.









