روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں نیٹو ممالک کے فوجی دستوں کی موجودگی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، چاہے وہ امن فوج کے نام پر ہی کیوں نہ ہوں۔
لاوروف نے 6 مارچ 2025 کو ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں یورپی فوجیوں کی تعیناتی کو روس نیٹو ممالک کی روس کے خلاف جنگ میں "براہ راست، سرکاری اور کھلی شمولیت” سمجھے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تعیناتی پر روس خاموش تماشائی نہیں رہے گا اور اسے روس کے لیے خطرہ سمجھا جائے گا۔ لاوروف نے کہا کہ اس معاملے پر سمجھوتے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
لاوروف کی یہ بات فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ امن معاہدے کے نفاذ کے لیے یوکرین میں یورپی فوجی بھیجنے پر غور کریں گے۔ میکرون نے اگلے ہفتے یورپی ممالک کے فوجی سربراہوں کا اجلاس بلانے کا بھی اعلان کیا تھا۔
لاوروف نے اس سے قبل 18 فروری کو ریاض میں امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد بھی کہا تھا کہ نیٹو ممالک کی امن فوج یوکرین میں "مکمل طور پر ناقابل قبول” ہے، اور کسی دوسرے جھنڈے تلے فوج کی موجودگی سے بھی کچھ نہیں بدلتا۔









