صدر پوتن نے زیلنسکی سے بات چیت کرنے سے کبھی انکار نہیں کیا، مذاکرات کے لیے ماسکو آ سکتے ہیں، کریملن

ماسکو (شاہد گھمن): روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ بات چیت کرنے سے کبھی انکار نہیں کیا، اگر زیلنسکی براہ راست مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو وہ ماسکو آ سکتے ہیں۔ یہ بات روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے کہی ہے۔

روسی ٹیلی ویژن کے صحافی پاویل زاروبن کو دیے گئے انٹرویو میں یوری اوشاکوف سے سوال کیا گیا کہ اگر ولادیمیر زیلنسکی صدر پوتن کو ٹیلی فون کریں تو کیا روسی صدر ان کی کال وصول کریں گے؟

اس سوال کے جواب میں یوری اوشاکوف نے کہا کہ ان کے خیال میں صدر پوتن یقیناً فون اٹھائیں گے، کیونکہ انہوں نے زیلنسکی کے ساتھ گفتگو کرنے سے کبھی انکار نہیں کیا۔

کریملن کے معاون نے واضح کیا کہ اگر زیلنسکی روسی صدر سے بالمشافہ ملاقات اور مذاکرات کے خواہش مند ہیں تو وہ ماسکو آ سکتے ہیں۔

یوری اوشاکوف کے مطابق زیلنسکی مختلف ذرائع سے مذاکرات کے حوالے سے اشارے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یوکرینی صدر واقعی مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے ماسکو آنے کا راستہ کھلا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں