عرفات کی شاندار بیٹنگ، فخر کی سنچری، پاکستان کی سری لنکا کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں فتح

لاہور (وائس آف رشیا): پاکستان نے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جارحانہ نصف سنچری اور تجربہ کار اوپنر فخر زمان کی سنچری کی بدولت سہ فریقی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو باآسانی 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 325 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کامیندو مینڈس نے اپنی پہلی ون ڈے سنچری بناتے ہوئے 131 رنز بنائے، جس کی مدد سے ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔

پون رتھنائیکے 77 اور اویشکا فرنانڈو 38 رنز بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی ٹیم نے فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا کے بولرز کے عزائم ناکام بنائے اور ابتدائی اوورز میں اہم وکٹیں گرنے کے باوجود میچ پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔

نوجوان اوپنر معاذ صداقت 5 اور بابراعظم صفر پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی، تاہم فخر زمان نے اینڈ سنبھالے رکھا اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کے ساتھ اننگز آگے بڑھائی۔

سعد بیگ اور فخر زمان کے درمیان 161 رنز کی بہترین شراکت قائم ہوئی۔ سعد بیگ 75 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے۔

فخر زمان نے اپنے کیریئر کی 12 ویں سنچری مکمل کی اور 99 گیندوں پر 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان آغا صرف 17 رنز بنا سکے۔

حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور عرفات منہاس کے ساتھ مل کر ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ عرفات نے صرف 31 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے۔

حسن نواز 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر ٹیم کو جیت سے ہم کنار کردیا۔

پاکستان نے 49 ویں اوور کی تیسری گیند پر 7 وکٹوں پر 331 رنز بنا کر سہ فریقی سیریز اپنے نام کرلی۔

فخر زمان کو شاندار سنچری پر میچ اور عرفات منہاس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کو ایونٹ کے 4 گروپ میچوں میں سے صرف ایک میں سری لنکا کے ہاتھوں ہی شکست ہوئی تھی، دوسری جانب سری لنکا نے بھی تین میچوں میں فتح حاصل کی، جبکہ آخری گروپ میچ میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں