سفیرفیصل نیاز ترمزی کی سینٹ پیٹرزبرگ چیمبر آف کامرس کے صدر سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

سینٹ پیٹرزبرگ (شاہد گھمن):روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سینٹ پیٹرزبرگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ولادیمیر کاتینیف اور مقامی کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں سینٹ پیٹرزبرگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شعبہ خارجہ تعلقات کی ڈائریکٹر ایرینا کارپینکو بھی شریک تھیں۔

ملاقات کے دوران سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان اور روس کے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

پاکستانی سفیر نے روسی کاروباری شخصیات کو پاکستان کی برآمدی صلاحیت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات، چاول، ادویات اور جراحی آلات سمیت متعدد شعبوں میں بین الاقوامی منڈیوں کو معیاری مصنوعات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے زراعت، فوڈ پروسیسنگ، انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ کاروباری منصوبوں اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ سینٹ پیٹرزبرگ روس کا ایک اہم صنعتی اور تجارتی مرکز ہے، جہاں مضبوط صنعتی بنیاد اور وسیع کاروباری نیٹ ورک موجود ہے۔ ان کے مطابق یہ شہر پاکستان اور روس کے کاروباری اداروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور نئے تجارتی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان براہ راست رابطوں، کاروباری وفود کے باہمی دوروں اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں سینٹ پیٹرزبرگ کی کاروباری برادری کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات پیش کیے اور پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کے عملی طریقوں پر گفتگو کی۔

فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری روابط کے فروغ اور تجارتی مواقع تلاش کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی سفارت خانے کے مطابق یہ ملاقات روس کے ساتھ اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے کی پاکستان کی مسلسل سفارتی اور تجارتی کوششوں کا حصہ ہے، جن میں دونوں ممالک کے مختلف علاقوں کے درمیان براہ راست کاروباری روابط اور علاقائی سطح پر تجارتی تعاون کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں