مصر میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم، 4 افراد ہلاک، 88 زخمی

مصر میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم، 4 افراد ہلاک، 88 زخمی

قاہرہ کے جنوب میں ایک مسافر ٹرین دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی، متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، صدر عبدالفتاح السیسی کا واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

قاہرہ (وائس آف رشیا): مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 88 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے باعث ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جبکہ مصری حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مصر کی وزارت صحت نے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ العیاط شہر کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 88 ہوگئی ہے، جبکہ 4 مسافر جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ 8 نومبر کی صبح قاہرہ کے جنوب میں واقع العیاط قصبے کے قریب اس وقت پیش آیا جب جیزہ سے فیوم جانے والی مسافر ٹرین قاہرہ سے اسوان جانے والی دوسری مسافر ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔

دونوں ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے باعث مسافروں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔

مصر کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر کے حکام نے حادثے کے حالات اور وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان تمام افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے جن کی مجرمانہ غفلت اس المناک حادثے کا سبب بنی۔

مصری وزارت صحت کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 اور زخمیوں کی تعداد 88 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ متعلقہ حکام واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں