مصر میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم، ہلاکتوں کی تعداد 7 اور زخمیوں کی 112 ہوگئی

مصر میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم، ہلاکتوں کی تعداد 7 اور زخمیوں کی 112 ہوگئی

حادثے میں زخمی 45 افراد کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا، مزید 7 کو جلد چھٹی دے دی جائے گی، مصری وزارت صحت، صدر عبدالفتاح السیسی کا تحقیقات اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم

قاہرہ (وائس آف رشیا): مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی ہے، جبکہ 112 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مصر کی وزارت صحت نے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان کے تازہ اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔

مصری وزارت صحت کے مطابق العیاط شہر کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے میں 7 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 45 افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے، جبکہ مزید 7 زخمیوں کو بھی جلد اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔

حکام کے مطابق حادثہ 8 نومبر کی صبح قاہرہ کے جنوب میں واقع العیاط قصبے کے قریب اس وقت پیش آیا جب جیزہ سے فیوم جانے والی مسافر ٹرین قاہرہ سے اسوان جانے والی دوسری مسافر ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔

دونوں ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے باعث مسافروں کی ہلاکتیں اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔

مصر کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر کے حکام نے حادثے کے حالات اور وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ان تمام افراد کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے جن کی مجرمانہ غفلت اس المناک حادثے کا سبب بنی۔

دریں اثنا قاہرہ میں روسی سفارت خانے نے بتایا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرین حادثے میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں کوئی روسی شہری شامل نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں