راولپنڈی:(وائس آف رشیا) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی جانب سے عملدرآمد روکنے اور افغانستان سے دہشت گردی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
فیلڈ مارشل نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاک فوج کی خدمات کو نمایاں کیا۔
انہوں نے امن، استحکام اور انسانی ہمدردی کے فروغ میں سیکرٹری جنرل کی قیادت میں اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کی۔
انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
سیکرٹری جنرل نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہا اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کی خصوصی تعریف کی۔









