ماسکو: (شاہد گھمن) عالمی توانائی کے شعبے کا بڑا بین الاقوامی فورم ’’روسی انرجی ویک 2026‘‘ کل 14 اکتوبر سے روسی دارالحکومت ماسکو میں آغاز کرے گا۔ تین روزہ یہ فورم 16 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
اس برس فورم کا مرکزی عنوان ’’توانائی کے وسائل اور ٹیکنالوجی سے مستقبل کی خوشحالی تک‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔ فورم میں روس سمیت کئی ممالک کے سرکاری نمائندے، توانائی کے وزرا، بڑی کمپنیوں کے سربراہان، سرمایہ کار، ماہرین اور نوجوان پیشہ ور افراد شریک ہوں گے۔
روسی انرجی ویک کے کاروباری پروگرام میں 30 سے زیادہ پینل سیشنز شامل ہوں گے، جن میں 100 سے زائد مقررین اظہار خیال کریں گے۔ پروگرام سات اہم موضوعات میں منقسم ہے، جن میں تیل اور گیس کی عالمی منڈیوں میں تبدیلی، بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری، نئی توانائی، ماحولیات، توانائی کی کارکردگی، بین الاقوامی تعاون اور ماہر افرادی قوت کی تیاری شامل ہیں۔
فورم کا مرکزی پروگرام ماسکو کے تاریخی مانیژ سینٹر میں ہوگا، جبکہ توانائی کے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی نمائش گوستینی دوور میں منعقد کی جائے گی۔
افتتاحی دن 14 اکتوبر کو یوتھ ڈے کے طور پر منایا جائے گا، جس میں 1,500 سے زائد نوجوانوں کی شرکت کی توقع ہے۔ فورم کے اہم کاروباری اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو ہوں گے۔
روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے روسی انرجی ویک کو توانائی کے شعبے کے مستقبل کے حوالے سے پیشہ ورانہ مکالمے کا ایک اہم عالمی پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فورم کا ایجنڈا توانائی کی صنعت کے موجودہ چیلنجز اور آئندہ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیوف کے مطابق فورم کے دوران اسٹیٹ کونسل کے انرجی کمیشن کا اجلاس اور موسم سرما کے لیے توانائی کے نظام کی تیاری سے متعلق آل رشین اجلاس بھی ہوگا۔
روسی انرجی ویک روسی حکومت، وزارت توانائی اور ماسکو حکومت کے تعاون سے منعقد ہورہا ہے، جبکہ روس کانگریس فاؤنڈیشن اس کی منتظم ہے۔ فورم کے دوران روایتی اور متبادل توانائی کے درمیان توازن، تکنیکی خودمختاری، عالمی توانائی کی سلامتی اور نئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون پر خاص توجہ دی جائے گی۔









