پاک فوج کا ہائپر سونک بیلسٹک میزائل فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: (وائس آف رشیا) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ پاکستان آرمی نے ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 ایکسٹینڈڈ رینج کا تجرباتی لانچ کامیابی سے مکمل کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس میزائل میں اہداف کو غیر معمولی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت موجود ہے اور یہ دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو بھی ناکام بنا سکتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فتح ٹو کی پرواز کی انوکھی سمت اور راستہ تبدیل کرنے کی خصوصیت دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے میں مدد دیتی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کی بدولت پاک فوج کی دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی استعداد میں مزید بہتری آئے گی۔

میزائل تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، جبکہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت اور تکنیکی مہارت کو سراہا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس سید عاصم منیر نے فتح ٹو کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتح ٹو ایکسٹینڈڈ رینج کا یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں