ماسکو:(وائس آف رشیا) روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے الزام عائد کیا ہے کہ جاپان روس میں کام کرنے والے اپنے صحافیوں کو ایسی معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال کررہا ہے جن کا مقصد روسی سلامتی کو نقصان پہنچانا ہے۔
ماریہ زخارووا نے روسی وزارتِ خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ماسکو کو ٹوکیو کی جانب سے روس میں غیر ملکی صحافی کا درجہ رکھنے والے اپنے نمائندوں کو معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی معلومات مبینہ طور پر روسی ریاست کی سلامتی کمزور کرنے کے لیے جمع کی جارہی تھیں۔ ماریہ زخارووا کے مطابق جاپانی صحافی سے متعلق حالیہ واقعہ کوئی الگ تھلگ معاملہ نہیں ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کا یہ بیان جاپانی اخبار ہوکائیدو شمبن کے یوزنو سخالنسک میں تعینات نمائندے کی گرفتاری کے بعد سامنے آیا ہے۔
روسی وفاقی سکیورٹی سروس، ایف ایس بی، کے مطابق جاپانی شہری کو روس سے روانگی سے قبل سخالین ریجن میں مبینہ جاسوسی کے شبہے میں حراست میں لیا گیا اور بعد میں ماسکو منتقل کردیا گیا۔









