وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور روسی وزیر داخلہ کی ملاقات

اسلام آباد: (وائس آف رشیا) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور روسی وزیر داخلہ کی ملاقات میں پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت روس بھیجنے اور ویزا کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، انسدادِ جرائم اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

ملاقات میں منظم جرائم کی روک تھام اور معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ مجرمان کی حوالگی، تبادلے اور ری ایڈمیشن سے متعلق معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

دونوں ممالک نے اینٹی نارکوٹکس فورس اور روسی متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے، سائبر کرائم کی روک تھام اور پولیس اکیڈمیز کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے ورکنگ گروپس جلد ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ منظم جرائم کے خلاف معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ویزا نظام میں آسانی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 1300 پاکستانی طلبہ روس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے روس کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

روسی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق روس نے مؤثر اقدامات کے ذریعے سائبر کرائم میں 33 فیصد کمی کی ہے۔ ملاقات میں وزیر مملکت طلال چوہدری، روسی سفیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں