ماسکو میں خصوصی فوجی آپریشن کے شرکا کو ’’گولڈن اسٹار‘‘ تمغوں سے نوازا گیا

صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے روسی ہیروز کو اعلیٰ اعزازات پیش

ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے دارالحکومت ماسکو میں خصوصی فوجی آپریشن (SVO) میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے روسی فوجی اہلکاروں کو اعلیٰ ریاستی اعزاز ’’گولڈن اسٹار‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزازات وزارتِ دفاع کے توسیعی اجلاس کے اختتام پر صدر ولادیمیر پوتن نے خود ایک پروقار تقریب میں عطا کیے۔

تقریب میں وزیرِ دفاع آندرے بیلوؤسوف اور روسی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ویلری گیراسیموف بھی موجود تھے۔ صدر پوتن نے اپنے خطاب میں فوجی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات ان کے غیر معمولی حوصلے، جرات اور قربانیوں کا اعتراف ہیں۔

صدر پوتن نے کہا کہ انتہائی مشکل اور پیچیدہ حالات میں روسی افواج نے دشمن کی مضبوط اور تہہ در تہہ دفاعی لائنوں کو توڑتے ہوئے شمالی شہر سیورسک کو آزاد کرایا، جو روس کے لیے ایک اسٹریٹجک اہمیت کا حامل علاقہ ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیاب کارروائیاں اعلیٰ سطحی عسکری منصوبہ بندی، کمانڈ اور فوجیوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔

صدر نے مزید کہا کہ ان فوجی آپریشنز کے باعث نہ صرف اہم علاقوں کو آزاد کرایا گیا بلکہ آئندہ پیش قدمی کے لیے بھی راہیں ہموار ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ روسی فوجی اہلکار ملک کی سلامتی، شہریوں کے تحفظ اور قوم کے روشن مستقبل کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعزاز حاصل کرنے والے ایک اعلیٰ فوجی کمانڈر ایگور کوزمینکوف نے کہا کہ یہ اعزاز کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ پوری فوجی یونٹ اور ساتھیوں کی مشترکہ محنت اور قربانی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے شجاع سپاہیوں، بالخصوص فرنٹ لائن پر موجود حملہ آور دستوں کی جرات، قربانی اور استقامت کو سراہا۔

انہوں نے فوجیوں کے اہلِ خانہ، خصوصاً والدین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی تربیت نے روسی سپاہیوں میں فرض، عزت اور قربانی کا جذبہ پیدا کیا، جو میدانِ جنگ میں ان کی بہادری کا سبب بنا۔

صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ روسی مسلح افواج میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی اعتماد ہی روس کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے جذبات کو کسی قیمت پر خریدا نہیں جا سکتا، یہی وہ بنیاد ہے جس پر قومیں اپنی فتوحات تعمیر کرتی ہیں۔

صدر نے تمام اعزاز یافتہ فوجیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور آنے والے نئے سال کی پیشگی مبارکباد بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں