گوجرانوالہ (وائس آف رشیا) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی جانب سے انسانی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران سمندر کے راستے مائیگرنٹ سمگلنگ، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے گرفتار ملزمان میں 2024 کے یونان کشتی حادثہ میں ملوث اشتہاری ملزم خادم حسین راجہ کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ ملزم خادم حسین ایف آئی اے گوجرانوالہ کو دو مقدمات میں مطلوب تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم خادم حسین نے درخواست گزار کے بیٹے اور ایک عزیز کو سپین بھجوانے کے بہانے خطیر رقم وصول کی۔ بعد ازاں متاثرین کو موریطانیہ بھجوا کر ان پر تشدد کیا گیا اور مزید رقوم بھی ہتھیائی گئیں۔ بعد میں ملزم نے انہیں سپین پہنچانے کے لیے کشتی میں سوار کیا، جو حادثے کا شکار ہو گئی۔ ملزم نے مجموعی طور پر 65 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
کارروائی کے دوران ایک اور اشتہاری ملزم محمد جاوید اقبال کو بھی گرفتار کیا گیا، جو ایک شہری کو یوگینڈا بھجوانے کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 60 ہزار روپے ہتھیانے میں ملوث تھا۔ ملزم محمد جاوید اقبال سال 2019 سے مطلوب تھا۔
ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ اس سنگین جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔









