وزیراعظم کے دورۂ ماسکو میں 12 سے 14 معاہدوں پر دستخط متوقع، تقریباً 140 پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی، تین ماہ میں اسلام آباد سے ماسکو پہلی مال بردار ٹرین چلانے کا منصوبہ، سفیر فیصل نیاز ترمذی کا دنیا نیوز کو خصوصی انٹرویو
ماسکو (شاہد گھمن): روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت آئندہ سال ایک ارب ڈالر اور اس سے اگلے سال تین سے چار ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف 30 نومبر کو تین روزہ سرکاری دورے پر ماسکو پہنچیں گے، جہاں وہ روسی صدر پوتن سے اہم ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران 12 سے 14 معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، جبکہ تقریباً 140 پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے بھی ماسکو آئیں گے۔ وزیراعظم روسی صدر سے پاکستانی تاجروں، طلبہ اور سیاحوں کو درپیش ویزا مسائل اٹھائیں گے، جبکہ براہِ راست پروازوں کی بحالی، بینکاری مشکلات کے حل اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوگی۔
پاکستان ہاؤس ماسکو میں دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں سفیر پاکستان نے وزیراعظم کے دورۂ روس کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب عالمی سیاست اور معیشت میں اہم تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے اثرات آئندہ پانچ سے سات سال تک نظر آئیں گے۔

وزیراعظم کے دورے کا باضابطہ اعلان ایک روز قبل ہوگا
فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ کے آخر میں ایک بڑے سرکاری اور کاروباری وفد کے ہمراہ ماسکو پہنچیں گے۔ دورے کا باضابطہ اعلان دونوں ممالک کے دارالحکومتوں سے ایک روز قبل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ابتدائی طور پر 3 مارچ کو طے تھا، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا۔
پاکستانی سفیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان اور روس کے سیاسی تعلقات پہلے ہی بہت اچھے ہیں، لیکن اب دونوں ممالک کو تجارتی، اقتصادی، ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط میں نمایاں اضافہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر پوتن اس سے پہلے چین، قازقستان اور ترکمانستان سمیت مختلف مواقع پر ملاقاتیں کرچکے ہیں، تاہم ماسکو میں ہونے والی باضابطہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کو دوطرفہ معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کا موقع ملے گا۔
پاک روس تجارت تین سے چار ارب ڈالر تک پہنچانے کی امید
دوطرفہ تجارت کے مستقبل کے بارے میں سوال پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی صلاحیتوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال تک دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر کی سطح عبور کرسکتی ہے، جبکہ اس سے اگلے سال اسے تین سے چار ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے تاجر ایک دوسرے کی ضروریات کے مطابق تجارتی روابط بڑھائیں۔ روس کو جن مصنوعات کی ضرورت ہے وہ پاکستان سے حاصل کرے، جبکہ پاکستان اپنی ضروریات کے مطابق روسی مصنوعات درآمد کرے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سردیوں کے دوران بڑی مقدار میں سبزیاں پیدا ہوتی ہیں، جن کی روسی منڈی میں طلب موجود ہے۔ اسی طرح پاکستان ضرورت پڑنے پر روس سے گندم، چنے اور سویابین جیسی زرعی مصنوعات درآمد کرتا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ روس نے حالیہ برسوں میں زرعی پیداوار، دودھ، گوشت اور ڈیری مصنوعات کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور اب وہ کئی ایسی مصنوعات برآمد کررہا ہے جو ماضی میں درآمد کرتا تھا۔ پاکستان ان شعبوں میں بھی روس کے تجربات اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
تقریباً 140 پاکستانی کمپنیاں ماسکو آئیں گی، پانچ سالہ تجارتی روڈ میپ پر پیش رفت
فیصل نیاز ترمذی نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورے کے موقع پر تقریباً 140 پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے روس آئیں گے۔ اس بڑے کاروباری وفد کی آمد کا مقصد روسی کاروباری اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس میں پاکستان کے بڑے وفد کی قیادت وفاقی وزیر اویس لغاری کررہے ہیں۔
سفیر کے مطابق دونوں ممالک نے آئندہ ایک سال اور پانچ سال کے لیے تجارتی و اقتصادی تعاون کے لائحہ عمل پر کام کیا ہے۔ پانچ سالہ روڈ میپ کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون کو باقاعدہ شکل دی جائے گی تاکہ دوطرفہ تجارت میں مستقل اضافہ ممکن ہوسکے۔
تین ماہ میں اسلام آباد سے ماسکو پہلی مال بردار ٹرین چلانے کا منصوبہ
پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی راستوں اور مال بردار ٹرین کے منصوبے سے متعلق سوال پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ تجارت کے فروغ کے لیے خام مال کی قیمت، توانائی کی لاگت اور نقل و حمل کے اخراجات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور منصوبہ بندی کے مطابق آئندہ تقریباً تین ماہ میں اسلام آباد سے ماسکو پہلی مال بردار ٹرین چلانے کا ہدف ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ریلوے کے ذریعے سامان کی ترسیل سڑک کے مقابلے میں کہیں زیادہ سستی پڑتی ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو نمایاں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ 40 فٹ کے کنٹینر کو سڑک کے ذریعے منتقل کرنے پر تقریباً 9 سے 11 ہزار ڈالر خرچ ہوسکتے ہیں، جبکہ ریل کے ذریعے یہی لاگت تقریباً چار سے ساڑھے چار ہزار ڈالر تک رہ سکتی ہے۔
ان کے مطابق نقل و حمل کے اخراجات میں اس نمایاں کمی سے پاکستانی اور روسی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بہتر ہوگی۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ بحری راستہ عموماً کم خرچ ہوتا ہے، تاہم بحیرۂ اسود کی موجودہ صورتحال کے باعث بعض مشکلات موجود ہیں۔ ایسے حالات میں ریلوے کے ذریعے زمینی تجارتی رابطوں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے پاکستان میں مال بردار ریلوے کے شعبے کو ماضی میں مناسب توجہ نہ ملنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی ممالک میں ریلوے کا نظام بڑی حد تک مال برداری سے حاصل ہونے والی آمدن پر چلتا ہے، جبکہ پاکستان میں گزشتہ دہائیوں کے دوران سامان کی نقل و حمل زیادہ تر سڑکوں کے ذریعے ہوتی رہی ہے۔
دورے میں 12 سے 14 معاہدوں پر دستخط متوقع
وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران متوقع معاہدوں کے بارے میں سوال پر سفیر پاکستان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان 12 سے 14 معاہدوں پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں میں تجارت، نقل و حمل، تعلیم، ثقافت، صحافت، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبے شامل ہوں گے۔
پاکستانی سفیر کے مطابق روس کے ٹیلی ویژن چینلز، ریڈیو اداروں، اخبارات اور دیگر میڈیا ہاؤسز کے ساتھ بھی تعاون کے معاہدوں پر کام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش ہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات صرف ایک شعبے تک محدود نہ رہیں بلکہ مختلف شعبوں میں بیک وقت تعاون کو فروغ دیا جائے۔
وزیراعظم صدر پوتن سے پاکستانیوں کے ویزا مسائل اٹھائیں گے
دنیا نیوز کی جانب سے پاکستانی تاجروں اور طلبہ کو روسی ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات کے بارے میں سوال پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے میں یہ معاملہ روسی صدر پوتن کے سامنے خصوصی طور پر اٹھائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ روسی وزیر داخلہ کے دورۂ پاکستان کے دوران بھی کاروباری، سیاحتی اور تعلیمی ویزوں سے متعلق مسائل روسی حکام کے سامنے رکھے گئے تھے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی اور عوامی تعلقات اسی وقت قائم ہوسکتے ہیں جب شہریوں کو ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرنے میں آسانی ہو۔
ان کے مطابق پاکستان نے روسی شہریوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کا عمل بہت آسان بنادیا ہے اور پاکستان کی خواہش ہے کہ روس بھی پاکستانی شہریوں کے لیے اسی نوعیت کی سہولتیں فراہم کرے۔
انہوں نے روسی ویزوں کے لیے آن لائن درخواست دینے کی سہولت کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ ویزا نظام میں آسانی سے پاکستانی تاجروں، طلبہ اور سیاحوں کے روس آنے میں اضافہ ہوگا۔
فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ عوامی روابط بڑھنے سے نہ صرف ثقافتی اور تعلیمی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں بلکہ ان کا براہِ راست فائدہ دوطرفہ تجارت کو بھی پہنچتا ہے۔
پاکستان اور روس کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کی کوششیں
براہِ راست فضائی رابطوں کے بارے میں سوال پر پاکستانی سفیر نے بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل پاکستان کے دورے کے دوران انہوں نے وفاقی وزیر خواجہ آصف اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اس معاملے پر بات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے فضائی رابطوں کی تجارتی افادیت اور مسافروں کی مناسب تعداد کو اہم قرار دیا گیا، کیونکہ کم مسافروں کی صورت میں فضائی کمپنیوں کے لیے پروازیں جاری رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔
سفیر کے مطابق اگر ویزوں کے مسائل حل ہوجائیں تو پاکستان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے لیے تیار ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ روسی حکام کے سامنے بھی یہ تجویز رکھی گئی ہے کہ ابتدائی طور پر دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطہ قائم کیا جائے، جس کے بعد مسافروں کی تعداد اور کاروباری سرگرمیوں میں بتدریج اضافہ ہوسکتا ہے۔
فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات میں اپنی سابقہ تعیناتی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں پاکستان کے ساتھ ہفتے میں تقریباً 640 فضائی رابطے موجود تھے، جن کے اثرات تجارت، سیاحت، ثقافت اور عوامی تعلقات پر بھی نمایاں تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ابتدائی طور پر ہفتے میں ایک پرواز سے بھی مستقل فضائی رابطے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔
روس پر پابندیوں کے باعث بینکاری مشکلات، مسئلے کے حل پر بات چیت جاری
پاکستان اور روس کے درمیان تجارت کرنے والے کاروباری افراد کو بینکاری نظام میں درپیش مشکلات سے متعلق سوال پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے تسلیم کیا کہ یہ دوطرفہ تجارت کی راہ میں ایک بڑا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کے بعد بینکاری معاملات مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں اور دونوں ممالک کے تاجروں کو ادائیگیوں اور مالی لین دین میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستانی سفیر نے بتایا کہ اس مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے پیش رفت ہوگی۔
روسی جامعات میں پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی تعاون بڑھانے پر زور
فیصل نیاز ترمذی نے روس میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ روس نسبتاً کم اخراجات میں معیاری تعلیم فراہم کرنے والا اہم ملک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روس کو ٹیکنالوجی، طب، کیمیا، طبیعیات اور ریاضی سمیت مختلف سائنسی شعبوں میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔
سفیر پاکستان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون بڑھانا وزیراعظم شہباز شریف کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ پاکستانی طلبہ کے لیے روسی ویزوں میں آسانی اس تعاون کو مزید فروغ دے سکتی ہے۔
افغانستان کی صورتحال صدر پوتن سے ملاقات میں زیرِ بحث آئے گی
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی، دہشت گردی اور روس کے ممکنہ کردار سے متعلق دنیا نیوز کے سوال پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال بھی وزیراعظم شہباز شریف اور روسی صدر پوتن کے درمیان ملاقات میں زیرِ بحث آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ روسی صدر پوتن شمال جنوب ٹرانسپورٹ رابطوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، جس کے تحت ماسکو کو وسطی ایشیا کے راستے پاکستان کے شہروں ملتان، اسلام آباد، کراچی اور گوادر سے منسلک کرنے کے امکانات موجود ہیں۔
پاکستانی سفیر کے مطابق افغانستان کی موجودہ صورتحال ان علاقائی رابطوں کی تکمیل میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور عوامی تعلقات موجود ہیں، تاہم ان کے بقول افغانستان کی موجودہ حکومت کے بعض اقدامات پاکستان میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔
فیصل نیاز ترمذی نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ افغانستان کی صورتحال کے اثرات تاجکستان اور ازبکستان جیسے وسطی ایشیائی ممالک پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان اور روس کے نقطۂ نظر میں کچھ فرق موجود ہے، تاہم دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ملاقات اس مسئلے پر بات چیت اور ممکنہ حل تلاش کرنے کا اہم موقع ہوگی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ افغانستان سے متعلق مسائل کے حل سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان سڑک اور ریلوے کے ذریعے زمینی رابطوں کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
بدلتے عالمی نظام میں پاکستان اور روس کے تعلقات کی اہمیت
وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے طویل المدتی اثرات سے متعلق سوال پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ دنیا تیزی سے سیاسی اور اقتصادی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1991 کے بعد عالمی نظام میں ایک بڑی طاقت کی بالادستی نمایاں تھی، تاہم اب ان کے خیال میں واشنگٹن، بیجنگ اور ماسکو عالمی سیاست اور معیشت کے اہم مراکز کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔
فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان کے سفارتی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے قیام کے بعد سے فلسطین، کشمیر، مختلف ممالک کی آزادی کی تحریکوں، چین اور امریکہ کے تعلقات اور افغانستان سمیت متعدد بین الاقوامی معاملات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم طاقت ہے اور اپنی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم پاکستان کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔
پاکستانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ روس کو تاریخی قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے کے اثرات صرف فوری معاہدوں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سفارت کاری اور علاقائی روابط کے شعبوں میں آئندہ پانچ سے سات سال تک نمایاں ہوسکتے ہیں۔









