وزیراعظم شہباز شریف 6 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ

اسلام آباد (وائس آف رشیا) وزیراعظم شہباز شریف آج سے 4 ستمبر تک چین کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او اجلاس سے خطاب کریں گے۔

شہباز شریف چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات ہوگی، وہ بیجنگ میں فوجی پریڈ میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ بھی شریک ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی چین کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ چین کے تاریخی دورے کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کروں گا، خطے کے دیگر اہم ممالک سے تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔

انہوں نے علاقائی تعاون اور کثیرالجہتی تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھائیں گے۔

لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں

اسلام آباد (وائس آف رشیا) لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں۔

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعے پر لواحقین کے غم میں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو پیش آنے والے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں ڈال دیا ہے۔ حکومت متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہرممکن سطح پر کھڑی ہے۔ تمام ضروری انتظامات کیے ہیں کہ متوفین کے جسد خاکی ان کے عزیزوں تک پہنچائے جا سکیں۔

وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ باقی جاں بحق افراد کے جسد خاکی بھی جلد وطن واپس لائیں گے۔ اسی طرح لیبیا میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ وقت سبق سکھاتا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے یورپ جانے کی کوشش کتنی خطرناک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ ایسے خطرناک راستے اختیار نہ کریں اور قانونی ذرائع ہی کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کریں۔

شناختی کارڈ نہ بنوایا تو 6 ماہ کی قید یا بھاری جرمانہ، نادرا کا انتباہ

اسلام آباد(وائس آف رشیا) پاکستان میں ہر شہری کے لیے 18 سال کی عمر مکمل کرنے پر قومی شناختی کارڈکا حصول لازمی ہے۔

نادرا آرڈیننس 2000 کے سیکشن 9 (1) کے تحت 18 سال کی عمر کے بعد 90 دن کے اندر شناختی کارڈ کے لیے درخواست دینا ضروری ہے۔

بروقت درخواست نہ دینے پر نادرا آرڈیننس کے سیکشن 30 (e) کے مطابق 6 ماہ تک قید بامشقت یا 50,000 روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

روس کے قازان شہر میں ڈرون حملے، 6 عمارتوں پر نشانہ

قازان(وائس آف رشیا) روس کے قازان شہر میں ڈرون حملے کے بعد شہر میں 9/11 جیسے تباہ کن واقعات رونما ہوئے ہیں۔ قازان، جو روسی دارالحکومت ماسکو سے تقریباً 720 کلومیٹر دور واقع ہے، میں چھ عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، حملے میں 8 ڈرونز کا استعمال کیا گیا تھا جس میں سے ایک ڈرون کو ناکام کر دیا گیا تھا۔

روس کی دفاعی وزارت کے بیان کے مطابق، ’ایک یوکرینی ڈرون کو ناکام بنایا گیا ہے۔” حملے کے بعد، ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی جس میں ایک ڈرون عمارت سے ٹکراتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ اس واقعے کے بعد روس نے اپنی سرحدوں پر حفاظتی اقدامات بڑھا دیے ہیں اور مزید نگرانی چوکیوں کی تنصیب کا اعلان کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حملوں سے نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں