راولپنڈی:(وائس آف رشیا) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بیلاروس کی سکیورٹی کونسل کے سٹیٹ سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفوچ کی قیادت میں بیلاروسی اعلیٰ سطح کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان باہمی دلچسپی کے معاملات زیر بحث آئے جبکہ دوطرفہ دفاعی تعاون کے دائرے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں بیلاروس کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیلاروس کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، بیلاروسی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔









