روس میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان کمیونٹی کے صدر متحرک

ملک شہباز نے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کو باضابطہ درخواست پیش کردی، دوہری شہریت، طلبہ اور کاروباری ویزوں سمیت اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو

ماسکو: (شاہد گھمن) پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے سفارت خانہ پاکستان ماسکو میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کے دوران روس میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش اہم مسائل پر مشتمل باضابطہ تحریری درخواست پیش کردی۔ ملاقات میں دوہری شہریت، پاکستانی طلبہ کے ویزوں کی تجدید، نئے طلبہ کے تعلیمی ویزا انویٹیشنز اور کاروباری ویزوں کی بندش سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کمیونٹی روس کی جانب سے پیش کی جانے والی تحریری درخواست میں خصوصی طور پر ان پاکستانی نژاد روسی شہریوں کا مسئلہ اٹھایا گیا جو پاکستانی اور روسی دونوں پاسپورٹ رکھتے ہیں۔ سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے یقین دہانی کرائی کہ دوہری شہریت سے متعلق معاملے کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے متوقع دورۂ ماسکو کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ اس اہم مسئلے کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا جاسکے۔

ملاقات کے دوران روس میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کے ویزوں کی تجدید نہ ہونے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ سفیر پاکستان نے ملک شہباز سے کہا کہ ایسے تمام پاکستانی طلبہ و طالبات کی مکمل تفصیلات سفارت خانے کو فراہم کی جائیں جو روسی جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن ان کے ویزوں کی تجدید میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

سفیر پاکستان نے ان طلبہ کا ڈیٹا بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی جنہوں نے پاکستان سے روسی جامعات میں داخلہ حاصل کرلیا ہے لیکن ابھی تک ان کے تعلیمی ویزا انویٹیشنز جاری نہیں ہوئے۔ سفارت خانہ یہ مکمل معلومات روسی حکام کو فراہم کرے گا تاکہ معاملے کو باضابطہ طور پر اٹھا کر اس کا حل تلاش کیا جاسکے۔

روسی کاروباری ویزوں اور بزنس انویٹیشنز کی بندش کے حوالے سے سفیر پاکستان نے بتایا کہ متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور توقع ہے کہ جلد اس معاملے میں مثبت پیش رفت اور خوشخبری سامنے آئے گی۔

ملاقات میں پاکستانی طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں اور روسی قوانین کی پابندی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ بتایا گیا کہ بعض روسی جامعات کو شکایت ہے کہ کچھ پاکستانی طلبہ باقاعدگی سے کلاسیں نہیں لیتے، تعلیم چھوڑ کر کام شروع کردیتے ہیں یا غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے واقعات کی وجہ سے سنجیدہ اور حقیقی طلبہ کو بھی ویزا اور انویٹیشن کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے پاکستانی طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دیں، باقاعدگی سے کلاسیں لیں، روسی قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ساکھ کا بھی خیال رکھیں کیونکہ چند افراد کی غلطیوں کا نقصان پوری پاکستانی طلبہ برادری کو اٹھانا پڑتا ہے۔

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان کمیونٹی روس کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں پاکستان کمیونٹی روس کے نائب صدر رضوان غنی بھی ملک شہباز کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ سفارت خانہ پاکستان ماسکو کی جانب سے ڈپٹی ہیڈ آف مشن گیان چند اور قونصلر سلمان خالد نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں