ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ رات بھر روس کے مختلف علاقوں، بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف پر ہونے والے حملوں کے دوران فضائی دفاعی نظام نے مجموعی طور پر 726 یوکرینی ڈرونز کو تباہ کیا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق 19 اگست رات 8 بجے سے 20 اگست صبح 8 بجے تک یوکرین کے فکسڈ ونگ ڈرونز کو روس کے 19 علاقوں کے علاوہ بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف کے اوپر روکا اور تباہ کیا گیا۔
وزارت دفاع کے مطابق ڈرونز آستراخان، بیلگورود، بریانسک، وولگوگراد، وورونژ، کالوگا، کرسک، اوریول، روستوف، ریازان، سمارا، ساراتوف، تامبوف، تولا، اولیانوفسک، ماسکو اور کراسنودار ریجنز کے علاوہ جمہوریہ کریمیا اور تاتارستان کے اوپر مار گرائے گئے۔
روسی حکام کے مطابق صبح سے میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرے کے باعث ملک کے وسطی، جنوبی اور وولگا وفاقی اضلاع کے 21 علاقوں میں فضائی حملے کے الرٹ جاری کیے گئے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق 19 اگست کی رات ساڑھے آٹھ بجے سے 20 اگست کی صبح ساڑھے سات بجے تک تقریباً 250 ڈرونز ماسکو ریجن کی جانب بڑھ رہے تھے۔
روستوف ریجن کے گورنر یوری سلیوسر کے مطابق رات کے دوران چھ اضلاع میں تقریباً 90 یوکرینی ڈرونز مار گرائے گئے۔ وورونژ ریجن کے گورنر الیگزینڈر گوسیف نے 21، تولا ریجن کے گورنر دمتری میلیائیف نے 19، کالوگا ریجن کے گورنر ولادیسلاف شاپشا نے 12 جبکہ اولیانوفسک ریجن کے گورنر الیکسی روسکیخ نے 11 ڈرونز کے حملے کو ناکام بنانے کی اطلاع دی۔
اولیانوفسک ریجن میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک نوجوان سر پر چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ گورنر کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ علاقے میں ایک ٹرانسمیشن ٹاور کو بھی نقصان پہنچا، تاہم بجلی کی فراہمی معطل نہیں ہوئی۔
وورونژ ریجن میں گرنے والے ڈرون کے ملبے سے ایک نجی مکان کی چھت، بیرونی حصے، کھڑکیوں اور یوٹیلیٹی لائنز کو نقصان پہنچا۔ کالوگا ریجن میں بھی ڈرون ملبے کے باعث متعدد نجی گھروں کی کھڑکیاں اور ایک عمارت متاثر ہوئی۔
بیلگورود ریجن کے بوریسوفسکی ضلع کے گاؤں گروزسکوئے میں ایک ڈرون نے گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق ایک شخص کی ٹانگوں پر شیل کے ٹکڑوں کے زخم آئے جبکہ ایک خاتون کے ہاتھ جھلس گئے۔ دونوں کو بیلگورود کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بیلگورود ریجن کے مختلف علاقوں میں متعدد گھروں، گاڑیوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع دی گئی۔ اوترادنویے گاؤں میں ایک گھر میں آگ لگ گئی جبکہ دوسرے مکان کی چھت اور کھڑکیاں متاثر ہوئیں۔ راکیتیانسکی ضلع کی بعض آبادیوں میں بنیادی ڈھانچے پر حملے کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کریمیا میں بھی رات کے ڈرون حملوں کے بعد توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ مقامی بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے مطابق مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر پابندیاں عائد کرنا پڑیں جبکہ بعض آبادیوں میں بجلی بند ہوگئی۔
حکام کے مطابق کریمیا کے سماجی اداروں کو بیک اپ پاور سسٹمز کے ذریعے چلایا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ انفراسٹرکچر کی مرمت کا کام جاری ہے۔ بعض علاقوں میں مرمتی کام کے باعث بجلی کی فراہمی کئی گھنٹوں تک بند رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
روسی حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں شہریوں کے زخمی ہونے اور املاک و بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور مرمتی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔









