پاکستان جلد یوریشین اکنامک یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرے گا، فیصل نیاز ترمذی

ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان نے یوریشین اکنامک یونین (EAEU) کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (Free Trade Agreement) کے لیے باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے، جسے آئندہ چند ماہ سے دو سال کے اندر حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

سفیرپاکستان نے کہا کہ پاکستان، نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کا ایک قدرتی شراکت دار ہے، اسی لیے یوریشین خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو فروغ دینا پاکستان کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر تجارت اور یوریشین اکنامک یونین کی قیادت کے درمیان اس حوالے سے رابطے جاری ہیں اور انہیں یقین ہے کہ آزاد تجارتی معاہدہ چند ماہ سے دو سال کے اندر طے پا جائے گا۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں ایسا وقت دیکھ رہے ہیں جب مرمانسک، منسک اور ماسکو سے لوگ زمینی راستے کے ذریعے اسلام آباد، کراچی اور گوادر تک آسانی سے سفر کر سکیں گے، جس سے خطے میں تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان روس، قازقستان، بیلاروس اور کرغزستان سے بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے، جبکہ پاکستان بھی ان ممالک کو متعدد مصنوعات اور مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی روابط ہی خطے میں پائیدار امن، استحکام اور باہمی انضمام کی بنیاد بنتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں