یوکرینی ڈرون حملہ، روسی شہر گیلنجک میں 7 افراد ہلاک، 3 بچے بھی شامل

کراسنوڈار(وائس آف رشیا) روسی حکام کے مطابق یوکرینی ڈرون حملے میں کراسنوڈار ریجن کے سیاحتی شہر گیلنجک کے قریب واقع گاؤں آرخیپو اوسیپووکا میں ڈرون گرنے سے سات افراد ہلاک ہو گئے، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

کراسنوڈار ریجن کے گورنر وینامین کوندراتیف کے مطابق حملے کا نشانہ شہری انفراسٹرکچر تھا۔ واقعے کے بعد ہنگامی امدادی اور سکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

روسی وزارت صحت کے مطابق زخمیوں میں سے 21 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ نو افراد، جن میں تین بچے شامل ہیں، تشویشناک حالت میں ہیں۔ دیگر 19 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور وفاقی طبی مراکز کے ماہرین کی ٹیلی میڈیسن کے ذریعے بھی معاونت حاصل کی جا رہی ہے۔

گورنر وینامین کوندراتیف نے مقامی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس واقعے کو “ظالمانہ اور غیر انسانی دہشت گرد حملہ” قرار دیا۔ گیلنجک پراسیکیوٹر آفس نے بھی واقعے کی نگرانی شروع کر دی ہے، جبکہ متاثرہ افراد کے لیے ہیلپ لائن اور ہنگامی امدادی مرکز قائم کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے کہا ہے کہ نیٹو اور یورپی یونین دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے دعوے کرتے ہیں، لیکن اب وہ یوکرین کی کارروائیوں کی حمایت کر کے خود بھی ایسی سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں