اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری ہیں، سید قمر رضا

اسلام آباد( فرقان نیاز سے) اسلام آباد کے معروف میریٹ ہوٹل کے نادیہ ہال میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی مچراتہ، اٹلی کے صدر چوہدری زاہد محمود ڈھلوں کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے موقع پر سید قمر رضا کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل، سہولیات کی فراہمی اور اعتماد کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کے تحفظ، قانونی معاونت، جائیداد کی تصدیق کے جدید نظام اور دیگر سہولیات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آسانی کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری اور اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر اوورسیز پاکستانی کمیونٹی مچراتہ اٹلی کے صدر چوہدری زاہد محمود ڈھلوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی سمیت یورپ میں مقیم پاکستانی وطن کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مزید سہولیات، سرمایہ کاری کے بہتر تحفظ اور ان کے مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، خدمات اور پاکستان سے مضبوط تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں