روس اور پاکستان کا غیر قانونی ہجرت اور منشیات کے کاروبار کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

ماسکو(وائس آف رشیا) روس اور پاکستان نے غیر قانونی ہجرت، منشیات کی اسمگلنگ اور نئی نفسیاتی اثرات رکھنے والی ممنوعہ ادویات کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

روسی وزارت داخلہ کی ترجمان ارینا وولک کے مطابق روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف اور پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی کے درمیان کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے وزرائے داخلہ اور عوامی سلامتی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم تعاون پر مبنی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔ ان میں روسی فیڈریشن اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان ری ایڈمیشن (غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی) کا معاہدہ، اس پر عملدرآمد کا پروٹوکول، اور روسی وزارت داخلہ اور پاکستان کی وزارت داخلہ و انسدادِ منشیات کے درمیان نئی نفسیاتی اثرات رکھنے والی ممنوعہ منشیات کے خلاف تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت شامل ہیں۔

روسی وزارت داخلہ کے مطابق ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان غیر قانونی ہجرت اور منشیات کے کاروبار کے خلاف مؤثر اور مربوط کارروائی کے لیے ضروری قانونی و انتظامی بنیاد فراہم ہوگی۔ اس کے علاوہ روس اور پاکستان کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کا باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔

فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقائی سلامتی، منشیات کی روک تھام اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں