ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں عالمی یومِ اطفال کے موقع پر صدر ولادیمیر پوتن نے کریملن کے کیتھرین ہال میں ایک خصوصی تقریب کے دوران کثیرالاولاد خاندانوں کے والدین کو ریاستی اعزازات “مدر ہیروئن” اور “پیرنٹل گلوری” سے نوازا۔
تقریب میں ماسکو، پسکوف، روستوف، تیومین، نووسیبیرسک، خیرسون، موردوویا، داغستان اور شمالی اوسیشیا۔الانیا سے تعلق رکھنے والے نو بڑے خاندانوں کو اعزازات دیے گئے۔ تقریب میں روس کی نائب وزیر اعظم تاتیانا گولیکووا اور بچوں کے حقوق کی کمشنر ماریا لوووا بیلووا بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ آج کریملن میں ایسے خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے جو اپنے بچوں کی بہترین تربیت، تعلیم اور کردار سازی کے ذریعے روس کے مستقبل کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے اور متحد خاندان روسی معاشرے کی مضبوط بنیاد ہیں اور ایسے والدین حقیقی معنوں میں ملک کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
صدر پوتن نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو سب سے قیمتی تحفہ یعنی محبت، توجہ اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد بچوں کی پرورش ایک عظیم ذمہ داری ہے اور ایسے والدین روزانہ کی بنیاد پر قربانی، محنت اور ایثار کی مثال قائم کرتے ہیں۔
روسی صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خاندانی اقدار، بچوں کا تحفظ، بزرگوں کا احترام اور والدین کی عزت روسی معاشرے کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بعض ممالک میں روایتی خاندانی اقدار کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم روس خاندانی نظام کے تحفظ اور مضبوطی کے لیے اپنی پالیسی جاری رکھے گا۔
ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روسی حکومت ایسے حالات پیدا کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے جن سے زیادہ سے زیادہ خاندان متعدد بچوں کی پرورش کی جانب راغب ہوں۔ انہوں نے تعلیم، صحت، رہائش اور بچوں کی ترقی کے مواقع کو ریاستی پالیسی کا اہم حصہ قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر صدر پوتن نے اعزازات حاصل کرنے والے خاندانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ایک عظیم کارنامہ انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے خاندان نہ صرف روس کے لیے باعثِ فخر ہیں بلکہ نئی نسل کے لیے بھی ایک روشن مثال ہیں۔
واضح رہے کہ “پیرنٹل گلوری” کا اعزاز ان والدین کو دیا جاتا ہے جو سات یا اس سے زیادہ بچوں کی پرورش کرتے ہیں، جبکہ “مدر ہیروئن” کا خطاب ان ماؤں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے دس یا اس سے زیادہ بچوں کی پرورش کی ہو۔ یہ اعزاز روس میں خاندانی نظام اور آبادی کے فروغ کی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں۔









