رومانیہ میں روسی قونصل خانے کی بندش پر ماسکو کا سخت ردعمل، جوابی اقدامات کا اعلان

ماسکو(وائس آف رشیا) روس نے رومانیہ کی جانب سے قسطنطہ (کانستانتا) میں روسی قونصل خانے کو بند کرنے کے فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بخارسٹ کے اس اقدام کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ رومانیہ کی حکومت کے غیر دوستانہ اقدامات کا جواب ضرور دیا جائے گا اور اس سلسلے میں مخصوص جوابی اقدامات کی تیاری کی جا رہی ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب رومانیہ کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ ایک ڈرون ملک کے شہر گالاتس میں ایک رہائشی عمارت کی چھت پر گر کر تباہ ہوا۔ رومانیہ نے اس واقعے کا ذمہ دار روس کو قرار دیتے ہوئے روسی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا اور سفارتی سطح پر ممکنہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

بعد ازاں رومانیہ کے صدر نیکوشور دان نے سپریم ڈیفنس کونسل کے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ کانستانتا میں روسی قونصل خانے کو بند کیا جائے گا جبکہ روسی قونصل جنرل کو ناپسندیدہ شخصیت (Persona Non Grata) قرار دیا جائے گا۔

ماریہ زخارووا نے رومانیہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک ڈرون واقعے کو غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس مہم کا مقصد یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی پر عائد ان الزامات سے توجہ ہٹانا ہے جن میں روسی حکام نے اسٹاروبیلسک میں بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار یوکرین کو قرار دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ رومانیہ کے فیصلے سے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ ماسکو جلد اپنے جوابی اقدامات کا اعلان کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں