روس میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی دارالحکومت ماسکو سمیت روس کے مختلف شہروں اور ماسکو ریجن میں 27 مئی 2026 کو عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات منعقد ہوں گے، جن کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

روسی مسلم مذہبی انتظامیہ کے مطابق ماسکو میں عیدالاضحیٰ کی مرکزی نماز ماسکو کیتھیڈرل مسجد، تاریخی مسجد اور پوکلونایا ہل پر واقع شہداء میموریل مسجد میں ادا کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق ماسکو کیتھیڈرل مسجد میں عید کا خطبہ اور نماز صبح سات بجے سے آٹھ بجے تک ادا کی جائے گی، جبکہ تاریخی مسجد اور شہداء میموریل مسجد میں بھی نماز عید کا آغاز صبح سات بجے ہوگا۔

ماسکو حکومت کی جانب سے نمازیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر “سینٹر فار ٹیکنیکل اسپورٹس” میں بھی خصوصی عیدگاہ قائم کی گئی ہے جہاں نماز عید صبح سات بجے ادا کی جائے گی۔

روسی مسلم انتظامیہ کے مطابق ماسکو کیتھیڈرل مسجد سے نماز عید کی براہِ راست نشریات بھی کی جائیں گی، جبکہ روسیا ون ٹی وی چینل پر خصوصی نشریات صبح نو بجے نشر ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق ماسکو ریجن کے مختلف شہروں اور اضلاع میں بھی عیدالاضحیٰ کی نماز کے لیے خصوصی مقامات مقرر کیے گئے ہیں، جن میں بالاشیخا، نوگنسک، وولاکولامسک، کولومنا، کراسنوگورسک، پوڈولسک، سرپخو، خیمکی، شاتورا، الیکٹروستال اور دیگر شہر شامل ہیں۔

روسی حکام کے مطابق نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک اور عوامی سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ نمازیوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں