ماسکو(وائس آف رشیا) لوگانسک پیپلز ریپبلک کے شہر اسٹاروبیلسک میں کالج ہاسٹل پر یوکرینی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے، جبکہ امدادی اداروں نے ملبے تلے دبے تمام افراد کی لاشیں نکالنے کے بعد سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے ٹاس کے مطابق روسی ایمرجنسی وزارت کے پریس سروس نے بتایا کہ اسٹاروبیلسک میں تباہ شدہ ہاسٹل کی عمارت کے ملبے سے تمام متاثرین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
روسی حکام کے مطابق یوکرینی حملے میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک جبکہ 42 زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی افواج نے 22 مئی کی شب ڈرونز کے ذریعے لوگانسک پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کے ووکیشنل کالج اور اس کے ہاسٹل کو نشانہ بنایا تھا۔
حملے کے وقت عمارت میں چودہ سے اٹھارہ سال عمر کے 86 طلبہ موجود تھے۔
ریسکیو ٹیمیں کئی گھنٹوں تک ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف رہیں، جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
روس نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شہری اور تعلیمی تنصیبات کے خلاف “دہشتگرد کارروائی” قرار دیا ہے۔









