ماسکو(وائس آف رشیا) یورپی مالیاتی ادارے “یوروکلئیر” نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو آربیٹریشن کورٹ کے فیصلے کے باوجود روسی مرکزی بینک کے اثاثے بدستور منجمد رہیں گے۔
روسی خبر رساں ادارے ٹاس کے مطابق یوروکلئیر نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی مرکزی بینک کے اثاثے “بین الاقوامی پابندیوں” کے تحت منجمد رہیں گے اور انہیں بحال نہیں کیا جائے گا۔
ادارے کے مطابق روسی مرکزی بینک کی جانب سے دائر دعویٰ یورپی یونین کے قوانین کے تحت تسلیم شدہ نہیں، جبکہ یوروکلئیر ماسکو عدالت کے دائرۂ اختیار کو بھی تسلیم نہیں کرتا۔
یوروکلئیر نے کہا ہے کہ وہ روسی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گا۔
واضح رہے کہ 15 مئی کو ماسکو آربیٹریشن کورٹ نے روسی مرکزی بینک کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے یوروکلئیر بینک کو تقریباً 18.2 ٹریلین روبل (251 ارب ڈالر) ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتی فیصلے میں منجمد فنڈز، بلاک شدہ سیکیورٹیز کی مالیت اور مالی نقصانات شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق یورپی یونین اور جی-7 ممالک نے روس کے تقریباً 300 ارب یورو مالیت کے اثاثے منجمد کر رکھے ہیں، جن میں سے تقریباً 180 ارب یورو بیلجیئم کے مالیاتی ادارے یوروکلئیر میں موجود ہیں۔
یورپی کمیشن ان منجمد روسی اثاثوں کو یوکرین کی مالی معاونت کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یوروکلئیر نے 8 مئی کو بتایا تھا کہ 2024 سے اب تک روسی اثاثوں سے حاصل ہونے والی سرمایہ کاری آمدن میں سے 6.6 ارب یورو یوکرین کو منتقل کیے جا چکے ہیں۔
کمپنی کے مطابق جولائی 2026 میں مزید 1.4 ارب یورو کی ادائیگی متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت یوروکلئیر کے بیلنس شیٹ میں تقریباً 200 ارب یورو کے روسی پابندی زدہ اثاثے موجود ہیں۔









