صدر پوتن دو روزہ دورے پر چین روانہ، شی جن پنگ سے اہم مذاکرات متوقع

ماسکو(شاہد گھمن سے) روسی صدر ولادیمیر پوتن دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ 19 اور 20 مئی کو بیجنگ میں اہم ملاقاتیں اور مذاکرات کریں گے۔

کریملن کے مطابق صدر پوتن اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، جبکہ روس۔چین مذاکرات محدود اور توسیع شدہ دونوں فارمیٹس میں منعقد ہوں گے۔

روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف نے کہا ہے کہ صدر پوتن کے دورۂ چین کا پروگرام انتہائی مصروف اور اہم نوعیت کا ہوگا۔

دورے کے دوران دونوں رہنما مشترکہ طور پر “کراس ایئرز آف ایجوکیشن” پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے، جبکہ عالمی صورتحال اور اہم بین الاقوامی امور پر غیر رسمی گفتگو بھی متوقع ہے۔

کریملن کے مطابق صدر پوتن چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں خصوصی طور پر تجارت، معیشت اور دوطرفہ اقتصادی تعاون پر بات چیت ہوگی۔

یوری اوشاکوف نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان 25 برس قبل طے پانے والے “معاہدۂ حسنِ ہمسائیگی اور دوستانہ تعاون” کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات ایک مثالی اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان موجودہ تعلقات ہمسایہ ممالک کے لیے ایک مثالی ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے باقاعدگی سے جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں