یوکرینی حملوں میں ایک ہفتے کے دوران 25 روسی شہری ہلاک، 209 زخمی: روڈیون میروشِنک

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت خارجہ کے سفیر برائے خصوصی امور روڈیون میروشِنک نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یوکرینی حملوں میں 25 روسی شہری ہلاک جبکہ 209 افراد زخمی ہوئے، جن میں بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روڈیون میروشِنک نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جبکہ زخمیوں میں 14 کم عمر بچے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوکرینی حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں بیلگورود، خیرسون، زاپوروزیے، بریانسک، چُواشیا ریجن اور ڈونیٹسک پیپلز ریپبلک شامل ہیں۔

روسی سفارتکار کے مطابق مجموعی زخمیوں میں سے تقریباً 87 فیصد افراد ڈرون حملوں کا نشانہ بنے۔

میروشِنک نے الزام عائد کیا کہ یوکرینی افواج روسی علاقوں میں ریموٹ طریقے سے بارودی سرنگیں بچھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ڈونیٹسک پیپلز ریپبلک کے شہر گورلووکا میں کلسٹر بم کے ایک ذیلی گولے کے دھماکے میں 14 سالہ لڑکا زخمی ہوا، جبکہ ایک اور شخص بارودی سرنگ پھٹنے سے زخمی ہوا۔

اسی طرح سلاویانسک کے قریب ایک شہری “لیپیسٹوک” اینٹی پرسنل مائن پر قدم رکھنے سے اپنا پاؤں کھو بیٹھا۔

روڈیون میروشِنک کے مطابق بیلگورود ریجن کے شہر شیبیکینو میں بھی ایک ذیلی گولہ پھٹنے سے 79 سالہ شخص زخمی ہوا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ یوکرینی فورسز نے طبی امدادی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا، جو بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

میروشِنک کے مطابق بیلگورود ریجن کے گاؤں رازومنویے میں ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں ایمبولینس ٹیم کے تین اہلکار زخمی ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دنوں کے دوران روسی علاقوں پر تقریباً 3600 گولے اور پروجیکٹائل فائر کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں