فن لینڈ کا روسی سرحد کے قریب فوجی مشقوں کا اعلان، مستقل دفاعی پوزیشنز قائم کرنے کا منصوبہ

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ فن لینڈ روسی سرحد کے قریب فوجی مشقیں کرنے جا رہا ہے، جن کے دوران قائم کی جانے والی دفاعی پوزیشنز اور قلعہ بندیاں مشقوں کے بعد بھی برقرار رکھی جائیں گی۔

روسی حکام کے مطابق فن لینڈ کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یہ مشقیں خلیج فن لینڈ کے پانیوں اور کیمن لاکسو ریجن کے ساحلی علاقوں، ویرو لاہتی، ہامِنا اور کوٹکا کے درمیان منعقد کی جائیں گی، جو روسی سرحد کے قریب واقع ہیں۔

بیان کے مطابق ان مشقوں میں فن لینڈ کی بحریہ کے ساحلی دفاعی بریگیڈ کے اہلکار حصہ لیں گے، جبکہ یہ سرگرمیاں دو مراحل میں 4 سے 8 مئی اور 17 سے 29 مئی تک جاری رہیں گی۔

روسی سلامتی کونسل کے مطابق مشقوں کے دوران ساحلی علاقوں میں فوجی پوزیشنز قائم کی جائیں گی اور قلعہ بندیاں تعمیر کی جائیں گی، جو بعد ازاں بھی برقرار رکھی جائیں گی۔

روسی حکام نے اس اقدام کو خطے میں سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے، جس پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں