گوجرانوالہ کے صحافیوں کے لیے بڑی پیش رفت، پریس کلب کو 50 لاکھ کا چیک، میڈیا ٹاؤن منصوبہ ترجیحی فہرست میں شامل

لاہور(محمد شہریارشاہد سے) گوجرانوالہ کے صحافیوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پنجاب حکومت نے پریس کلب گوجرانوالہ کے لیے 50 لاکھ روپے کا چیک جاری کر دیا، جبکہ گوجرانوالہ میڈیا ٹاؤن منصوبے کو بھی حکومت کی ترجیحی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت گوجرانوالہ پریس کلب کے وفد کی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ وفد میں صدر پریس کلب رانا انصر شہزاد، جنرل سیکرٹری سردار ذیشان طاہر، سینئر نائب صدر شفقت عمران اور پی ایف یو جے کے نائب صدر راجہ حبیب الرحمان شامل تھے، جبکہ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے بھی شرکت کی۔

وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اس موقع پر گوجرانوالہ پریس کلب کے لیے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا، جسے صحافتی برادری کے لیے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

ملاقات کے دوران صدر پریس کلب رانا انصر شہزاد نے گوجرانوالہ میں میڈیا ٹاؤن کے قیام کے لیے باضابطہ تحریری درخواست بھی پیش کی، جسے وزیر اطلاعات نے اصولی طور پر منظور کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اس منصوبے کی منظوری لے کر اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے اقدامات کریں گی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ لاہور اور اسلام آباد کی طرز پر گوجرانوالہ کے صحافیوں کو بھی رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں مزید آسانی میسر آ سکے۔

صحافتی حلقوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ میڈیا ٹاؤن منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں