ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے تاریخی شہر اسٹالن گراڈ (موجودہ وولگوگراد) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوں فوجیوں اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے دورے کے دوران ابدی شعلہ (Eternal Flame) پر حاضری دی اور سوویت کمانڈر مارشل چوئیکوف اور معروف اسنائپر سرجینٹ واسیلی زائیتسیف کی قبروں پر بھی فاتحہ خوانی کی۔
واسیلی زائیتسیف کو جنگ عظیم دوم کا ایک عظیم ہیرو قرار دیا جاتا ہے، جن پر مشہور ہالی ووڈ فلم “Enemies at the Gate” بھی بنائی گئی۔ انہیں “گھوسٹ آف اسٹالن گراڈ” کہا جاتا تھا اور انہوں نے 256 نازی افسران کو ہلاک کیا۔ وہ جنگ کے دوران کبھی زخمی نہیں ہوئے، سوائے برلن پر آخری حملے کے دوران۔
سفیر نے بتایا کہ زائیتسیف اپنی موجودگی چھپانے کے لیے اسنائپر رائفل پر اسکوپ (دوربین) استعمال کرنے سے بھی گریز کرتے تھے۔ انہیں 30 ہزار فوجیوں کی اجتماعی قبر کے اوپر دفن کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران سفیر نے ایک تاریخی عمارت کا بھی معائنہ کیا، جسے “وہ عمارت جو کبھی نہیں گری” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ تاہم ایک اور عمارت، جسے صرف 25 فوجیوں نے دفاع کیا، 59 روز تک شدید لڑائی کے بعد بالآخر تباہ ہو گئی۔
سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس موقع پر کہا کہ اسٹالن گراڈ کی جنگ تاریخ کی سب سے خونریز لڑائیوں میں سے ایک تھی، جس میں تقریباً 30 لاکھ فوجی اور شہری آٹھ ماہ کے دوران ہلاک ہوئے، اور یہ قربانیاں آج بھی دنیا کے لیے امن اور استقامت کی علامت ہیں۔















