روس میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور، پاکستانی سفیر کی روسی آرتھوڈوکس چرچ کے رہنما سے ملاقات

ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے روسی آرتھوڈوکس چرچ کے شعبہ خارجہ تعلقات کے سربراہ میٹروپولیٹن انتھونی آف وولوکولامسک سے ملاقات کی، جس میں بین المذاہب ہم آہنگی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف مذاہب کے درمیان تعاون عالمی سطح پر امن اور یکجہتی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی اور میٹروپولیٹن انتھونی نے اسلام اور آرتھوڈوکس عیسائیت کے درمیان پائے جانے والے مشترکہ اقدار پر بھی گفتگو کی، خصوصاً خاندانی نظام، اخلاقی اصولوں اور نئی نسل کی تربیت کے حوالے سے ہم آہنگی کو اجاگر کیا گیا۔

پاکستانی سفیر نے روس میں بین المذاہب ہم آہنگی کی طویل روایت کو سراہتے ہوئے اسے پرامن بقائے باہمی کی ایک کامیاب مثال قرار دیا اور اس حوالے سے روسی آرتھوڈوکس چرچ کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں، جہاں دنیا مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، بین المذاہب مکالمہ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے تاکہ عالمی امن اور اتحاد کو فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے باہمی تعاون اور مکالمے کے عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں