مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار، روس اور ایران اسٹریٹجک شراکت دار: پوتن

سینٹ پیٹرزبرگ (وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس مشرق وسطیٰ میں جلد از جلد امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو برقرار رکھا جائے گا۔

سینٹ پیٹرزبرگ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران صدر پوتن نے کہا کہ روس ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

روسی صدر نے بتایا کہ انہیں گزشتہ ہفتے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا پیغام موصول ہوا، جس پر انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے ایرانی عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خودمختاری کے لیے بہادری اور ثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں، اور امید ظاہر کی کہ وہ اس مشکل دور سے نکل کر امن حاصل کریں گے۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے صدر پوتن سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر اور صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے امریکی دباؤ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی ثابت قدم رہیں گے۔

عباس عراقچی نے روس کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اور تہران کے درمیان تعلقات اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی ہیں، جو حالات سے قطع نظر مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں