اسلام آباد(وائس آف رشیا) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون سمیت مختلف امور پر گفتگو کی، جبکہ روسی وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی روابط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کو باہمی سہولت کے مطابق جلد از جلد دوبارہ شیڈول کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے روسی وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ دونوں ممالک نے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔









