جوہری تنصیبات کو بڑھتے سکیورٹی خطرات، روس کا عالمی توجہ دینے کا مطالبہ

جوہری تنصیبات کو بڑھتے سکیورٹی خطرات، روس کا عالمی توجہ دینے کا مطالبہ
ماسکو (شاہد گھمن سے) روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ایٹمی تنصیبات کو لاحق خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، خصوصاً زاپوروزیے نیوکلیئر پاور پلانٹ اور ایران کے بوشہر نیوکلیئر پلانٹ کو درپیش سکیورٹی خدشات تشویشناک ہیں۔

بریفنگ کے دوران ماریہ زخارووا نے کہا کہ ایٹمی تنصیبات کی فزیکل سکیورٹی کو لاحق خطرات مسلسل بڑھ رہے ہیں اور روس اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس عالمی سطح پر ایٹمی تنصیبات کے تحفظ کو مضبوط بنانے کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون کے بنیادی اصول پر کاربند ہے۔

زخارووا کے مطابق ہر ملک اپنی سرزمین پر ایٹمی سکیورٹی کا ذمہ دار خود ہوتا ہے اور وہی اپنے قومی نظام اور طریقہ کار کے مطابق اس کے بہترین انتظامات کا تعین کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کو اس شعبے میں قیادت کا کردار ادا کرنا چاہیے، تاہم اس کا دائرہ کار بین الاقوامی تعاون تک محدود ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایجنسی مختلف ممالک کو تکنیکی معاونت اور رہنمائی فراہم کرتی ہے، مگر ایٹمی مواد اور تنصیبات کی سکیورٹی کو یقینی بنانا متعلقہ ممالک کی ذمہ داری ہے۔

روسی ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایٹمی سکیورٹی کے لیے معلومات کا خفیہ رکھنا نہایت اہم ہے، کیونکہ دہشت گرد عناصر ایسی معلومات کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی سے متعلق حساس معلومات اور حکومتی اقدامات کی تفصیلات کسی بھی صورت میں غلط ہاتھوں میں نہیں جانی چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں