بیروت(وائس آف رشیا) لبنان نے ایک اور صحافی کی ہلاکت کے بعد اسرائیل پر جنگی جرائم کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کارکنوں کو نشانہ بنانا اب معمول بنتا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنانی اخبار “الاخبار” سے وابستہ صحافی امل خلیل جنوبی لبنان کے گاؤں التیری میں ایک گھر پر ہونے والے فضائی حملے میں جاں بحق ہو گئیں، جہاں وہ پہلے حملے کے بعد پناہ لیے ہوئے تھیں۔
لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے واقعے کو کھلی جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات اب الگ تھلگ نہیں رہے بلکہ ایک منظم طرزِ عمل اختیار کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نمائندگان کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور عالمی برادری کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔









