ماسکو(وائس آف رشیا) کریملن کے کیتھرین ہال میں عالمی باکسنگ چیمپئنز اور روسی باکسنگ فیڈریشن کے نمائندوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کھلاڑیوں کو سرکاری اعزازات سے نوازا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیوٹن نے کہا کہ روسی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی عالمی کھیلوں میں ملک کی مضبوط اور مستحکم پوزیشن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کے عالمی چیمپئن شپ مقابلوں میں روس کی مرد اور خواتین ٹیموں نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
صدر نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی سابق قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روسی کھلاڑیوں کے خلاف امتیازی پابندیاں عائد کی گئیں، جو سیاسی بنیادوں پر تھیں اور اس سے اولمپک اصولوں کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی کھیلوں کی نئی قیادت ماضی کی غلطیوں کو درست کرے گی اور روسی کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں اپنے قومی پرچم اور ترانے کے ساتھ شرکت کا مکمل حق ملے گا۔
صدر پوتن نے مزید کہا کہ روس بتدریج عالمی کھیلوں کے میدان میں باوقار انداز میں واپسی کر رہا ہے، جبکہ پیرا لمپکس سمیت مختلف کھیلوں میں روسی ایتھلیٹس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی تربیت اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر صدر نے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









