ماسکو(وائس آف رشیا) روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آندرے یرماک، جو کہ ولادیمیر زیلنسکی کے دفتر کے سابق سربراہ رہ چکے ہیں، ہنگری میں مقیم یوکرینی شہریوں کو حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کے لیے 3 ہزار سے 6 ہزار ڈالر تک کی پیشکش کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ بھرتیاں مختلف عوامی تنظیموں کے ذریعے کی جا رہی ہیں، جہاں ایسے افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے جو ہنگری زبان پر عبور رکھتے ہوں، جسمانی طور پر فٹ ہوں اور دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افراد کو بیرون ملک جانے کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہنگری میں 12 اپریل کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں، جہاں دارالحکومت بوداپیسٹ سمیت مختلف علاقوں میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔









